موہالی،29اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان نے کہا ہے کہ پورا ملک انڈین پریمیئر لیگ کو دیکھ رہا ہے اور ان کے ہم وطنوں کی حمایت ہی انہیں بہتر کارکردگی کی توانائی دے رہا ہے۔18 سال کے راشد نے سن رائزرس حیدرآباد کیلئے کل چار اوور میں 16 رن دے کر ایک وکٹ لیا جس سے ان کی ٹیم نے کنگز الیون پنجاب کو 26 رنز سے شکست دے دی۔میچ کے بعد راشد نے کہاکہ مکمل افغانستان آئی پی ایل کو دیکھ رہا ہے، جس طرح سے وہ میری اور محمد نبی کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، وہ حیرت انگیز ہے، ہم وطنوں کی دعاؤں سے مجھے مدد ملی ہے، سب میرے لئے دعا کر رہے ہیں جس سے مجھے توانائی ملتی ہے۔ افغان کرکٹ کیلئے ان کی کارکردگی کتنامعنی رکھتی ہے؟، یہ پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ یہ کافی معنی رکھتی ہے کیونکہ اس مقام پر آکر یہاں ایسی کارکردگی سے افغانستان میں کافی مثبت پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے نوجوانوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ سخت محنت کرو، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ ایسوسی ایٹ ٹیم ہو یا کوئی اور، اپنی بہترین کارکردگی کرو تو کامیابی خود بہ خود قدم چومے گی۔